کراچی :پاکستان کے دو کوہ پیماؤں سرباز علی اور شہروز کاشف نے دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ مکالو کو سر کرلیا۔شہروز کاشف دنیا کی پانچ بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے جب کہ سرباز علی 8 ہزار میٹر سے بلند 11 چوٹیاں سرکرنے والے پہلے اور واحد پاکستانی بن گئے ہیں۔33 سالہ سرباز علی اور 20 سالہ شہروز کاشف ہفتے کی صبح تقریباً 6 بجے 8 ہزار463میٹر بلند ماؤنٹ مکالو کی بلندی پر پہنچے۔33 سالہ سرباز علی نے8 ہزار میٹر سے بلند 14 میں سے11 چوٹی کو سرکرلیا ہے ، سرباز نے چند روز قبل دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کنچن جونگا کو بھی سر کیا تھا اور ان کے کیریئر میں بلند ترین 14 چوٹیوں میں سے گیشربرم ون، شیش پنمگا اور چو ایو کو سر کرنا باقی رہ گیا ہے۔دوسری جانب 20 سالہ شہروز کاشف ماؤنٹ مکالو سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما ہوگئے جس کے ساتھ وہ ٹاپ پانچ بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن بھی گئے۔