کراچی ۔ پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے استعفیٰ دے دیا، نجم سیٹھی نے ان کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے لکھا کہ انہوں نے بسمہ معروف کا استعفیٰ قبول کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بسمہ معروف نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتی ہیں۔ نجم سیٹھی کے بموجب خوشی کی بات ہے کہ وہ پاکستان کے لیے کھیلتی رہیں گی اور اپنے ملک کا نام روشن کریں گی۔ واضح رہے کہ بسمہ معروف کی قیادت میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے62 میں سے27 ٹی ٹوئنٹی میچز جیتے جبکہ 32 میں شکست ہوئی۔ پاکستان نے بسمہ معروف کی کپتانی میں 34 میں سے 16 ونڈے میچز میں کامیابی حاصل کی۔