پاکستان سعودیہ اسٹیئرنگ کمیٹی کا توانائی کے شعبہ میں تعاون پر تبادلہ خیال

   

ریاض : سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور پاکستانی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اقتصادی محور کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اپنے پہلے اجلاس کے دوران توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔سعودی خبر ایجنسی کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز نے توانائی کے شعبے میں تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے کہااس سٹیئرنگ کمیٹی کے فریم ورک کے تحت اس وقت کئی موضوعات زیر بحث ہیں۔ خاص طور پر پٹرولیم اور سپلائی کے شعبوں، پیٹرو کیمیکل، بجلی، قابل تجدید توانائی، صنعت اور نقل و حمل کے علاوہ بہت سے شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی جارہی ہے۔شہزادہ عبدالعزیز نے اس بات کی تصدیق کی کہ سعودی عرب پاکستان کو اپنے ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں میں ایک اہم شراکت دار سمجھتی ہے۔دونوں ممالک سعودی پاکستانی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کی ذیلی کمیٹی کے ذریعہ اپنے درمیان تعاون کے ذرائع کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ شہزادہ عبد العزیز نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون اور مختلف پراجیکٹس کو فعال کرنا درست راستے پر ہے۔ اجلاس کے اختتام پردونوں فریقوں نے کمیٹی کے کام کو مکمل کرنے، اس میٹنگ کے نتائج کی پیروی کرنے اور دونوں طرف کی ورک ٹیموں کے درمیان مشترکہ کوآرڈینیشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کا کام توانائی، صنعت، معدنی دولت، تجارت، مالیات، ماحولیات، زراعت، نقل و حمل، لاجسٹکس، مواصلات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت اور سرمایہ کاری سمیت کئی شعبوں کا احاطہ کرتا ہے۔ اسٹئیرنگ کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس تھا۔ دوطرفہ سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے اجلاس کی اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مشترکہ طور پر صدارت کر چکے ہیں۔