پاکستان قومی اسمبلی میں نئے وزیر اعظم کیلئے آج ووٹنگ

,

   

شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی کے کاغذات داخل، عہدیداروں کے ملک چھوڑنے پر پابندی

اسلام آباد: پاکستان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں نیشنل اسمبلی میں پیر کو نئے وزیر اعظم کے لیے ووٹنگ کے لیے اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ۔ نواز کے صدر شہباز شریف نے وزیراعظم کے عہدہ کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی اتوار کو داخل کردیئے۔ ادھر پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو اس عہدہ کیلئے نامزد کیا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس کل دن میں2 بجے ہوگا جس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ایوان کل وزیراعظم کا انتخاب کرے گا۔ دونوں کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلیے گئے ہیں۔اتوار کی صبح تک جاری رہنے والی کارروائی میں حکمراں جماعت کے ارکان اور اسپیکر کی غیر موجودگی میں ایوان میں ہوئی ووٹنگ کے بعد عمران حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں 174 ووٹ ڈالے گئے ۔ جس کے بعد انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ اسمبلی کے قائم مقام اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ امیدوار اتوار کو مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے تک کاغذات نامزدگی داخل کر سکتے ہیں۔ عمران خان اور اتحادیوں نے اعتماد کا ووٹ کھو دیا۔ انہیں تباہ حال معیشت اور اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہنے کا قصوروار ٹھرایا گیا۔ دوسری طرف پاکستان میں سیکورٹی اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) نے کسی بھی سرکاری اہلکار کو بغیر کسی اعتراض کے سرٹیفکیٹ (این او سی) کے بیرون ملک جانے سے روکنے کی ہدایت دی ہے اور اس سلسلے میں امیگریشن عملے کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔ میڈیا نے اتوار کو یہ اطلاع دی ہے ۔ایف آئی اے کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق یہ اقدام ہفتے کی دیر رات نیشنل اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے عمل کے دوران صدر اسد قیصر کے استعفیٰ کے بعد اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کی جانچ تیز کردی گئی ہیں۔ایف آئی اے اور ایئرپورٹ حکام کا کہنا تھا کہ انہیں الرٹ رہنے اور کسی بھی سرکاری اہلکار کو این او سی کے بغیر ملک سے باہر جانے سے روکنے کی ہدایات موصول ہوئی ہیں۔
راولپنڈی کے گیریسن شہر میں بھی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ تحریک اعتماد پر ہفتہ کو ووٹنگ کے بعد سے ملک میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔