پاکستان میں آلودہ پانی کے باعث 9افراد کی موت

   

لاہور ، 28 اکتوبر (یواین آئی) کراچی کے ضلع ملیر سے متصل ضلع جامشورو کے علاقہ فیض محمد برفت گوٹھ میں آلودہ پانی پینے کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ملیر کے مطابق متاثرہ گاؤں میں بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے اور مزید افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے ۔ کراچی کے ضلع ملیر سے متصل ضلع جامشورو کے فیض محمد برفت گوٹھ میں آلودہ پانی کے باعث اسہال کی وبا پھوٹنے سے 9 افراد کی موت ہوگئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ملیر کے مطابق ضلع جامشورو کے فیض محمد برفت گوٹھ میں اسہال اور ہیضہ کے باعث 9 بچے اور خواتین انتقال کرگئے ۔ لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈہیلتھ سائنسز نے گوٹھ کے پانی کو ناقابل استعمال قرار دے دیا، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز جامشورو اور ملیر کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور دونوں اضلاع کی صحت کی ٹیمیں مسلسل علاقہ میں موجود ہیں، متاثرہ علاقہ جامشورو کی حدود میں ہے ، ضلع ملیر سے قریب ہونے کے باعث دونوں اضلاع کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات ملنے کے بعد فوری طور پر میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا، موبائل ہاسپٹل وینز بنیادی لیبارٹری رپورٹس اور دیگر طبی سہولتیں موقع پر فراہم کر رہی ہیں جبکہ مریضوں کو منتقل کرنے کیلئے 1122 ایمبولینس سروس کو ہائی الرٹ کر دیاہے ۔