اسلام آباد : پاکستان میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث اب تک مجموعی طور پر ساڑھے تین سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 356 افراد کی اموات ہوئیں جبکہ 400 سے زائد افراد ذخمی ہیں۔ ملک بھر میں سب سے زیادہ اموات بلوچستان میں 106، سندھ میں 90، پنجاب میں 76، خیبر پختونخوا میں 69، گلگت بلتستان میں 8 جبکہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تعین کرنے کے لیے وفاقی وزرا پر مشتمل 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت حالیہ بارش اورسیلاب سے متعلق اجلاس ہوا جس میں بارش اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔