اسلام آباد ۔ بین الاقوامی چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک اندازے کے مطابق 1.6 کروڑ بچے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور ان میں سے کم و بیش 34 لاکھ بچوں کو زندگی بچانے کیلئے مدد کی فوری ضرورت ہے ۔ حال ہی میں پاکستان کے صوبہ سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دو دورہ کرنے والے یونیسیف کے نمائندے عبداللہ فاضل نے اپنے بیان میں کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال انتہائی سنگین ہے ، جہاں غذائی قلت کے شکار بچے اسہال، ڈینگو بخار، جلد کی بیماریوں اور دیگر تکلیف دہ بیماریوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب میں کم از کم 528 بچے جان گنوا چکے ہیں اور ان میں سے ہر ایک بچے کی موت ایسا سانحہ تھا جس سے بچا جا سکتا تھا۔