پاکستان میں واٹس ایپ گروپ سے ہٹانے پر ایڈمن کا گولی مار کر قتل

   

پشاور: پاکستان کے خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں واٹس ایپ گروپ سے نکالے جانے پر ناراض شخص نے گروپ ایڈمن کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس نے ہفتہ کو بتایا کہ یہ واقعہ پشاور کے نواحی علاقہ ریگی میں پیش آیا۔ تاحال ملزم پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔پولیس کے مطابق، واٹس ایپ ایڈمن مشتاق احمد نے اشفاق خان کو گروپ سے نکال دیا تھا جس کے بعد دونوں کے درمیان تنازعہ ہو گیا تھا۔ جمعرات کو دونوں نے ملاقات کرکے معاملہ ختم کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی لیکن جیسے ہی ملاقات ہوئی، اشفاق نے مشتاق کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اشفاق کو گروپ سے کیوں نکالا گیا تھا۔مقتول کے بھائی ہمایوں خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں موقع پر موجود تھا، لیکن مجھے دونوں کے جھگڑے کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا۔ میرے بھائی اور اشفاق کے درمیان واٹس ایپ گروپ میں کچھ تنازعہ ہوا تھا، جس کی وجہ سے میرے بھائی نے اشفاق کو گروپ سے ہٹا دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد اشفاق کو شدید غصہ آ گیا اور اس نے میرے بھائی کو گولی مار دی۔ ہمارے خاندان میں کسی کو بھی ان کے باہمی تنازعہ کے بارے میں کچھ معلومات نہیں تھیں۔پولیس نے اشفاق کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔