اسلام آباد: پاکستان میں حکومت نے کورونا سے بچاؤ کے لیے درآمد شدہ ویکسین کی خرید و فروخت کی اجازت دے دی ہے۔ سماجی حلقے اسے ملک میں طبقاتی نظام کی تازہ مثال قرار دے رہے ہیں۔وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ دوا ساز کمپنیاں اب روس اور چین جیسے ممالک سے کورونا ویکسین درآمد کرکے کمرشل سطح پر بیچ سکیں گی۔ پہلے مرحلے میں روس کی اِسپْٹنِک ویکسین اور چین کی کین سِنو ویکسین مارکیٹ میں دستیاب ہو جائیں گی۔اس فیصلے سے ملک میں امیر افراد کو سرکاری طور میں ملنے والے ٹیکوں کے لیے اپنی باری کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا اور وہ جب چاہیں نجی ہسپتالوں میں جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔پاکستان میں پچھلے ایک دن میں 5234 نئے کورونا کیسز ریکارڈ کیے گئے جو اس سال میں روزانہ کی سب زیادہ تعداد ہے۔ویکسین پر منافع اور کرپشن پاکستان کے صاحبِ حیثیت حلقوں نے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ تاہم سماجی ماہرین کی طرف سے اسے ملک میں دْہرے طبقاتی نظام کی تازہ مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔