پاکستان کا ترکمانستان کو تاپی گیس پائپ لائن بروقت مکمل کرنے کا تیقن

   

اسلام آباد۔15ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مسئلہ کشمیر پر پاک ۔ہندوستان بڑھتے تنازعہ کے باوجود حکومت پاکستان نے ترکمانستان کو تاپی( ترکمانستان، افغانستان، پاکستان و انڈیا) گیس پائپ لائن منصوبہ بروقت مکمل کرنے کی یقین دہانی کرادی، تاپی کمپنی اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کریگی ،تعمیراتی سرگرمیوں کو حتمی شکل دی جائے گی،پاکستان تاپی منصوبے پر جنوری2020 کے وسط یا اوائل میں کام شروع کرے گا۔ آئندہ ماہ تاپی کمپنی کا وفد منصوبے کو حتمی شکل دینیکے لیے پاکستان آئے گا۔ ذرائع کیمطابق مسئلہ کشمیر پر پاک بھارت بڑھتے تنازعہ پر ترکمانستان حکومت کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا کہ تنازع کیو جہ سے تاپی امن پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کو بھی خطرہ لاحق ہوسکتا ہے تاہم انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم ( آئی ایس جی ایس) کی جانب سے ترکمانستان حکومت کو مکمل یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ امن گیس پائپ لائن منصوبے کو بروقت مکمل کرنیکے لیے پاکستان پرعزم ہے۔ اس حوالے سے انٹراسٹیٹ گیس سسٹم کے ایم ڈی مبین صولت نے بتایا ہے کہ پاکستان تاپی منصوبہ بروقت مکمل کرنے کیلیے پرعزم ہے اور اس منصوبے کے جائزہ کے لیے تاپی کمپنی اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی اور کنسٹرکشن کی سرگرمیوں کو حتمی شکل دی جائے گی انہوں نے بتایاکہ اس منصوبے سے پاکستان اور انڈیا کو ایک اعشاریہ تین ملین کیوبک فیٹ روزانہ ( بی سی ایف ڈی )گیس ملے گی۔