پاکستان کا ورلڈ کپ کھیلنا طے نہیں، سب کچھ حکومت پر منحصر

   

پاکستان کی سکیورٹی ٹیم ہندوستان آئے گی اور مثبت رپورٹ پر ہی بابر اعظم زیر قیادت ٹیم ورلڈ کپ کھیلے گی

نئی دہلی: آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ 2023ء میں ہندوستان میں ہونا ہے اور ٹورنمنٹ کا مکمل شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ ایونٹ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک منعقد ہونا ہے لیکن تاحال پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ نہیں ہو سکا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی واضح کرچکا ہے کہ ٹیم حکومت پاکستان سے اجازت ملنے کے بعد ہی ہندوستان جائے گی۔ اب خبریں آرہی ہیں کہ پاکستان کی سکیورٹی ٹیم ہندوستان آئے گی اور ان کی جانب سے مثبت رپورٹ آنے کے بعد ہی بابر اعظم کی قیادت میں ٹیم کو ہندوستان بھیجنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ نیوز ایجنسی’ پی ٹی آئی‘ کے مطابق وزارت کھیل کے ایک عہدہ دار نے بتایا کہ عید کی تعطیلات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس کے بعد وزارت خارجہ اور داخلہ سمیت حکومت یہ فیصلہ کرے گی کہ سکیورٹی وفد کو کب ہندوستان بھیجنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی وفد میں پی سی بی حکام بھی شامل ہوں گے۔ وہ اس مقام پر جائیں گے جہاں پاکستان نے میچ کھیلنا ہے۔ اس کے علاوہ ورلڈ کپ کے دوران ٹیم کے سکیورٹی انتظامات اور دیگر انتظامات کے بارے میں بھی معلومات لی جائیں گی۔ پاکستان کے میچز 5 مقامات پر کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی کے اعلان کردہ ورلڈ کپ شیڈول پر نظر ڈالیں تو پاکستان کو چینائی، حیدرآباد، بنگلورو، کولکاتا اور احمد آباد میں میچز کھیلنے ہیں۔ عہدہ دار نے کہا کہ ہندوستان کے کسی بھی دورہ سے قبل کرکٹ بورڈ کیلئے حکومت سے اجازت لینا رسمی عمل ہے اور اس کے دوران حکومت عام طور پر ایک وفد ہندوستان بھیجتی ہے۔