پاکستان کو امریکی ملٹری اعانت ہندوستان کیلئے تشویشناک

   

۔125 ملین ڈالر کی ملٹری فروخت منظور

نئی دہلی۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے پاکستان کو امریکی ملٹری اعانت فراہم کرنے کے فیصلے پر واشنگٹن سے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزارت ِ اُمور خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ یہ مسئلہ یہاں امریکی سفیر اور واشنگٹن ٹرمپ انتظامیہ کے پاس اُٹھایا گیا۔ رویش میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ دہلی میں امریکی سفیر سے اس معاملے پر بات ہوئی اور اس کے ساتھ ساتھ واشنگٹن ہندوستانی سفیر کے ذریعہ امریکی حکومت کو اپنی تشویش سے واقف کرایا گیا۔ ذرائع نے کہا کہ امریکی قاصد کو ساؤتھ بلاک طلب کیا گیا اور پاکستان کی فوجی سطح پر مدد کرنے کے امریکی فیصلے پر ان سے احتجاج کیا گیا۔ گزشتہ ہفتہ پینٹگان نے کانگریس کو اپنے فیصلے سے واقف کرایا تھا کہ اس نے 125 ملین ڈالر مالیت کی ملٹری فروخت کو منظوری دی ہے ۔ یہ اعلامیہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے درمیان وائٹ ہاؤز میں منعقدہ ملاقات کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔ رویش کمار نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے بتایا گیا کہ مجوزہ فروخت پاکستان کو ملٹری اعانت روک دینے کی امریکی پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ نہیں ہے۔ پاکستان نے F-16 لڑاکا جیٹ طیاروں کا فروری میں بالا کوٹ حملوں پر اپنی جوابی کارروائی میں ہندوستان کے خلاف استعمال کیا تھا۔ پینٹگان نے دعویٰ کیا کہ مجوزہ ملٹری اعانت خطے میں بنیادی ملٹری توازن کو تبدیل نہیں کرے گی۔