جموں۔ 21جون (یو این آئی) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پاکستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندور کے ذریعہ ہم نے پاکستان کو واضح پیغام دیا ہے کہ بھارت کے خلاف دہشت گردی کی سرپرستی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا ہے اور ہندوستان دہشت گردی کے خلاف کوئی بھی کارروائی کرنے کے لئے تیار ہے ۔ وزیر دفاع نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز ضلع اودھم پور میں 11 ویں بین الاقوامی یوم یوگا تقریب کی قیادت کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔انہوں نے اس موقع پر فوجی جوانوں کے ساتھ ملاقات بھی کی اور آپریشن سندور میں ان کی کاوشوں کی سراہنا کی۔ سنگھ نے جوانوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کی بہادری کو ملک بھر میں سراہا جا رہا ہے میں آپ کی ہمت اور بہادری کو سلام کرتا ہوں۔انہوں نے ایک واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندور ایک رد عمل تھا یہ آپریشن ابھی ختم نہیں ہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پہلگام میں پیش آنے والا حالیہ دہشت گردانہ حملہ محض سرحد پار سے ایک الگ تھلگ واقعہ نہیں تھا بلکہ ہندوستان کی سماجی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نشانہ بنانے کی براہ راست کوشش تھی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ہم نے نہ صرف ان کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنایا بلکہ ایسا زبردست جواب بھی دیا کہ پاکستان گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گیا اور ہمیں آپریشن سندور کو عارضی طور پر روکنے کا اعلان کرنا پڑا۔جیسا کہ ہم پہلے کہہ چکے ہیں، آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن صرف پہلگام دہشت گردانہ حملے کا ردعمل نہیں تھا، اس آپریشن کے ذریعہ ہم نے پاکستان کو ایک واضح پیغام بھیجا ہے ۔
کہ ہندوستان کے خلاف دہشت گردی کی سرپرستی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔ آپریشن سندور سال 2016 کی سرجیکل اسٹرائیک اور سال 2019 کے فضائی حملے کی قدرتی پیشرفت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس آپریشن سے ہم نے پاکستان کو پیغام دیا ہے کہ دہشت گردی کے ذریعے بھارت کو زخم دینے کی اس کی دیرینہ کوشش اب کامیاب نہیں ہوگی۔