واشنگٹن ۔ 19 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے پاکستانی امداد کے 1.3 بلین ڈالرس کٹوتی کرنے کے بعد دونوں ممالک کے تعلق میں بہتری پیدا ہوئی ہے ۔ یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے قلع قمع کیلئے ناکامی اقدامات کی بنیاد پر امریکہ نے پاکستان کی 1.3 بلین ڈالرس کی سیکوریٹی امداد روک دی تھی ۔ صدر امریکہ نے گزشتہ سال اعلان کیاتھا کہ پاکستان کو دی جانے والی 1.3 بلین ڈلرس کی امداد اس وقت تک معطل رہے گی جب تک پاکستان اپنی سرزمین سے چلائے جانے والے دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو تباہ و برباد نہیں کردے گا ۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال اپنے سب سے پہلے ٹوئیٹ میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ 15 سال سے امریکہ پاکستان کو مسلسل امداد کے نام پر 33 بلین ڈالرس کی امداد دینے کی بیوقوفی کرچکا ہے جبکہ اس کے عوض پاکستان نے امریکہ کو صرف دھوکہ دیا۔