پاکستان کی تاریخ کا آج سب سے بڑا جلوس: عمران

,

   

سابق وزیراعظم کے لانگ مارچ کو روکنے حکومت پُرعزم، گرفتاریاں متوقع

پشاور ؍ اسلام آباد : صدرنشین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی کے آزادی مارچ کو بھرپور توانائی کے ساتھ آگے بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے حالانکہ حکومت پاکستان نے منگل کو اپنا فیصلہ ظاہر کیاکہ وہ اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کو روکے گی۔ سابق وزیراعظم نے پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور کہاکہ وہ چہارشنبہ 25 مئی کو پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے سیاسی جلوس کی قیادت کریں گے۔ پی ٹی آئی چیرمین کی تقریر میں جن باتوں کا حوالہ ہے اُس کا پس منظر تحریک انصاف کے کارکنوں اور قائدین کے خلاف ملک بھر میں پولیس کارروائی ہے۔ اِن دھاوؤں میں ایک جگہ ایک پولیس ملازم کی جان بھی چلی گئی۔ دوسری طرف حکومت نے عزم کر رکھا ہے کہ تحریک انصاف کو لانگ مارچ سے ضرور روکا جائے گا۔ پولیس حکام نے تاحال تحریک انصاف کے زائداز 600حامیوں کو تحویل میں لے لیا ہے۔