سعودی عرب، ایران، روس اور دیگر ممالک کا جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس
اسلام آباد۔ 16 اگست (ایجنسیز) خیبر پختونخوا میں گزشتہ 6 گھنٹوں میں بارش اور سیلاب کے باعث حادثات میں 145 افراد جاں بحق اور 137 افراد زخمی ہوگئے۔ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 6 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں بارش اور سیلاب کے باعث حادثات میں 151افراد جاں بحق ہوئے۔ سیلاب کے باعث گلگت بلتستان میں 4 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے، جب کہ آزادکشمیر میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مہلوکین میں 124 مرد 16 خواتین اور 11 بچے شامل ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں 107 مرد، 20 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 48 گھنٹوں میں بارش اور سیلاب کے باعث حادثات میں 344 افراد جاں بحق اور 148 زخمی ہوئے ہیں۔پاکستان میں بارش اور سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر سعودی عرب، ایران، روس اور دیگر ممالک نے افسوس کا اظہار کیا۔
خیبرپختونخوا:طوفانی بارش اور سیلاب، اموات کی تعداد 307 ہوگئی
پشاور۔ 16 اگست (یو این آئی) خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی صورتحال سے 48 گھنٹے میں ہونے والی اموات کی تعداد 307 تک جاپہنچی ہے ۔ ڈان نیوز کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ صوبے بھر میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 307 ہوگئی ہے ۔ بونیر میں 184، شانگلہ میں 36، مانسہرہ میں 23، سوات میں 22، باجوڑ میں 21، بٹگرام میں 15 اور دیر میں 5 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔