واشنگٹن ۔ 28 فروری (ایجنسیز) پاکستان اور افغانستان کے مابین جاری لڑائی روکنے کی خاطر جمعہ شب سفارتی رابطوں میں اضافہ ہوا۔ افغانستان نے بتایا کہ طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی چینلز کھلے رکھنے پر بات ہوئی۔ یورپی یونین نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ حالات کو معمول پر لائیں اور مذاکرات کا راستہ اپنائیں جبکہ اقوام متحدہ نے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ روس نے بھی دونوں فریقوں سے کہا کہ وہ جھڑپوں کو روکیں اور مذاکرات کی طرف لوٹیں۔ چین نے کہا کہ وہ اس صورتحال پر ’’گہری تشویش‘‘ رکھتا ہے اور کشیدگی کم کرنے میں مدد دینے کے لیے تیار ہے۔ امریکہ نے کہا کہ پاکستان کو اپنے خلاف ہونے والے طالبان کے حملوں کے خلاف دفاع کا حق حاصل ہے۔ ایک امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ واشنگٹن اس تازہ کشیدگی میں پاکستان کو ’’جارح فریق‘‘ نہیں سمجھتا اور امید کرتا ہے کہ حالات مزید خراب نہیں ہوں گے۔