حکومت تخلیق و اختراع کو فروغ دینے کوشاں۔ نرملا سیتارامن کی طلبا سے ملاقات
بنگلورو : مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن نے آج کہا کہ ہندوستان میں خواتین کیلئے اپنے خوابوں کو پورا کرنے میں پدرانہ نظام کوئی رکاوٹ نہیں ہے ۔ اگر پدرانہ نظام خواتین کیلئے رکاوٹ ہوتا تو اندرا گاندھی ملک کی وزیر اعظم کس طرح بن پاتیں ؟ ۔ نرملا سیتارامن نے سی ایم ایس بزنس اسکول کے طلباء سے آج ملاقات کی اور مرکزی حکومت کی جانب سے نئی تخلیق اور اختراع کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے نوجوانوں کیلئے مرکزی حکومت کی اسکیمات کو بھی اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 21 تا 24 سال عمر کے بیروزگار نوجوانوں کیلئے ایک کروڑ انٹرن شپس کا بھی تذکرہ کیا ۔ خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں نرملاسیتارامن نے کہا کہ پدرانہ نظام کی شروعات در اصل بائیں بازو نے کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اس تاثر کا شکار نہیں ہوجانا چاہئے ۔ اگر آپ خود اپنے لئے کھڑے ہوں اور منطقی طور پر خود کو پیش کریں تو پھر پدرانہ نظام آپ کو آپ کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا ۔ انہوں نے تاہم اعتراف کیا کہ سماج میں خواتین کو اتنی سہولیات دستیاب نہیں ہیں اور مزید سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔ ہندوستان میں نئی اختراع اور تخلیق سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت ایک ایسا ماحول فراہم کر رہیہ ے جو اختراعی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں معاون ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صرف پالیسیاں بناتے ہوئے اختراع اور نئی تخلیق کی ہی حوصلہ افزائی نہیں کر رہی ہے بلکہ حکومت اس بات کو بھی یقینی بنا رہی ہے کہ ان کی مارکٹنگ ہو اور مارکٹ میں یہ جگہ بنا پائے ۔