سابق وزیر اعظم و جے ڈی ایس سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڑا کا شدید رد عمل
بنگلورو : جنتادل ایس کے سربراہ و سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے ہزاروں خواتین کو جنسی ہراسانی کے الزامات کا سامنے کرنے والے اپنے پوتے پراجول ریونا کے نام سخت پیام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری وطن واپس ہوجائیں یا پھر ان ( دیوے گوڑا ) کی ناراضگی کا سامنا کریں۔ پراجول ریونا نے کرناٹک کے ہاسن حلقہ سے این ڈی اے امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کیا تھا ۔ 33 سالہ پراجول ریونا پر جنسی ہراسانی کے سنسنی خیز الزامات ہیں جن پر سارے ملک میں برہمی پائی جاتی ہے ۔ ان الزامات میں عصمت ریزی ‘ جنسی حملہ ‘ خواتین کو برہنہ کرنا اور زبردستی جنسی عمل کی فلم بندی کرنے کے علاوہ متاثرین کو دھمکانا بھی شامل ہے ۔ ایچ ڈی دیوے گوڑا نے اس سلسلہ میں ایک مکتوب جاری کیا ۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا کہ وہ 18 مئی کو ہی پراجول ریونا کے تعلق سے اظہار خیال کرچکے ہیں جب وہ مندر جا رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس صدمہ سے ابھرنے میں انہیںکچھ وقت لگا ہے ۔ پراجول نے انہیں تکلیف پہونچائی ہے ۔ ان کے سارے خاندان کو تکلیف دی ہے ۔ دوستوں اور پارٹی ورکرس کو تکلیف دی ہے ۔ وہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگر پراجول خاطی پایا جاتا ہے تو اسے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جانی چاہئے ۔ جس دن سے یہ اسکینڈل منظر عام پر آیا ہے ان کے فرزند سابق چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی نے بھی اپنا موقف ظاہر کردیا ہے ۔ دیوے گوڑا نے کہا کہ انہوں نے پراجول ریونا کو سخت وارننگ جاری کی ہے کہ وہ جہاں کہیں ہیں وہاں سے وطن واپس ہوجائیں اور قانونی کارروائی کا سامنا کریں۔ پراجول کو ان ( دیوے گوڑا ) کے صبر کا امتحان نہیں لینا چاہئے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ ہاسن میں رائے دہی کے ایک دن بعد 27 اپریل کو پراجول جرمنی فرار ہوگیا ہے ۔ پراجول نے ہاسن سے مقابلہ کیا تھا ۔ اس کی اچانک روانگی جنسی ہراسانی کے الزامات سامنے آنے کے چند دن بعد ہوئی ہے ۔ انٹرپول کی جانب سے پراجول کے خلاف سی بی آئی کی ایماء پر ایک بلیو کارنر نوٹس جاری کی گئی ہے اور خصوصی عدالت نے گرفتاری وارنٹ بھی جاری کیا ہے ۔ پراجول دیوے گوڑا کے ایک اور بیٹے ریونا کا فرزند ہے ۔ ایچ ڈی دیونا جے ڈی ایس کا رکن اسمبلی ہے اور اس پر بھی دست درازی اور اغواء کے الزامات ہیں۔ انہیں جاریہ ماہ کے اوائل میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم ان کی ضمانت منظور ہوگئی ہے ۔ ریونا پر ایک شخص نے اس کی والدہ کے اغواء کرنے کا الزام عائد کیا تھا