پرانے شہر میں ترقیاتی کاموں کے نام سنگ بنیادیں

   

ترقیاتی کاموں کا عدم آغاز، عوام کی برہمی سے منتخبہ نمائندے بھی پریشان حال

حیدرآباد۔24نومبر(سیاست نیوز) شہر میں ترقیاتی کاموں کا صرف سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے اور کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیئے جا رہے ہیں جس کی وجہ بجٹ ہے یا پھر کچھ اور اس بات کا اندازہ لگانا مشکل ہوتا جا رہاہے کیونکہ شہریوں کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے عدم آغاز پر ناراضگی ظاہر کی جانے لگی ہے اور خود منتخبہ عوامی نمائندے بھی اس بات سے فکر مند ہیں کہ وہ کب تک عوامی برہمی پر قابو پاسکیں گے کیونکہ شہر ی عوام اب ترقیاتی کاموں کو نظر انداز کئے جانے پر خاموش نہیں رہتے بلکہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعہ سوال اٹھانے لگے ہیں جو کہ منتخبہ عوامی نمائندوں کے لئے تکلیف کا سبب بنتا جا رہاہے اور خود عوامی نمائندے یہ کہہ رہے ہیں کہ اگر ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کا سلسلہ فوری طور پر شروع نہیں کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں انہیں عوامی برہمی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔حلقہ اسمبلی چارمینار میں چارمینا کے قریب پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے اعلان کے علاوہ خلوت چو محلہ پیالس کے پاس قدیم خزانۂ عامرہ کی اراضی پر پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کا اعلان کیا تھا لیکن اب تک ان کاموں کا آغاز نہیں ہوپایا ہے۔ اسی حلقہ میں چھتہ بازار ‘ پرانی حویلی سڑک کی توسیع کا اعلان کیا گیا اور اسے منظوری دی گئی لیکن کوئی عملی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ میں بندلہ گوڑہ چوراہا سے ایرہ کنٹہ سڑک کی توسیع کے فیصلہ کو منظوری دیتے ہوئے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کا اعلان کیا گیا تھا لیکن یہ کام بھی جوں کے توں باقی ہیں۔ حلقہ اسمبلی بہادرپورہ میں وٹے پلی سے انجن باؤلی سڑک کی توسیع کے سلسلہ میں متعدد اعلانات اور سڑک کی توسیع کو منظوری کے اعلان کئے گئے لیکن ان کاموں کی بھی اب تک شروعات نہیں ہوپائی ہے۔ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے نالوں کی صفائی کے اعلانات اور سڑکوں کی مرمت کے اعلانات کے باوجود بھی اب تک ان کامو ںکی شروعات نہیں ہوپائی ہے ۔ حلقہ اسمبلی چارمینار میں لاڈبازار سے مٹی کے شیر کی جانب سے نئی سڑک نکالنے کے فیصلہ کو منظوری دینے کے اعلانات کئے گئے لیکن ان کی بھی اب تک شروعات نہیں کی گی ‘ محبوب چوک مارکٹ کو منہدم کرتے ہوئے اس کی جگہ عصری مارکٹ کی تعمیر کا اعلان کیا گیا اور سنگ بنیاد رکھا گیا لیکن اب تک بھی کاموں کا آغاز نہیں ہوپایا ہے۔ حلقہ اسمبلی کاروان کے کئی مسائل کو حل کرنے کے اعلان کئے جاتے رہے لیکن اس علاقہ کے مسائل بھی جوں کے توں برقرار ہیں۔حلقہ اسمبلی ملک پیٹ میں ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں کئی اعلان کئے گئے اور ان پر بھی عمل آوری کے معاملہ میں اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ سب سے اہم پرانے شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل کے کاموں کی شروعات کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اب تک اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی اور اعلان کرنے والے منتخبہ عوامی نمائندے بھی منظر سے اوجھل ہیں اور اس سلسلہ میں کوئی استفسار حکومت یا متعلقہ محکمہ سے نہیں کیا جا رہا ہے۔