حیدرآباد میں آج جمعہ کے پیش نظر پولیس کی سخت چوکسی
حیدرآباد /27 فروری ( سیاست نیوز ) دہلی فسادات کے پیش نظر حیدرآباد میں پولیس نے چوکسی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ جمعہ کے موقع پر سیکوریٹی کے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ ریاپڈ ایکشن فورس اور مقامی پولیس نے علاقہ میر چوک میں فلیگ مارچ کیا ۔ 28 فروری جمعہ کے موقع پر تاریخی مکہ مسجد کے علاوہ پرانے شہر کے کئی حساس علاقوں میں سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے اور پولیس گشت میں بھی شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ میر چوک ڈیویژن کے علاقہ مغل پورہ ، دبیرپورہ ، میر چوک اور رین بازار پولیس اسٹیشن حدود میں ریاپڈ ایکشن کے دستوں نے فلیگ مارچ کیا ۔ حالانکہ پولیس کو جمعہ کے موقع پر شہر حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کی اطلاع نہیں لیکن احتیاطی اقدامات کے تحت سخت بندوبست کیا جارہا ہے ۔