پرانے شہر کو نیا تحفہ بم رکن الدولہ جھیل کا آج افتتاح

   

نظام دور کا تاریخی تالاب جدید سہولتوں کے ساتھ بحال ، واکنگ ٹریک اور اوپن جھیل کی سہولت
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر کے تاریخی بم رکن الدولہ تالاب کی عظمت رفتہ بحال کرنے کا کام مکمل ہوچکا ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی 6 مارچ کو اس کا افتتاح کریں گے جب کہ چند دن بعد کوکٹ پلی نالہ چیرو کو بھی عوام کے لیے دستیاب کرایا جائے گا ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے شہر کے تاریخی اور اہم تالابوں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ حیڈرا کی جانب سے پہلے مرحلے میں جن 6 تالابوں کی بحالی کا منصوبہ بنایاگیا تھا ان میں عنبر پیٹ میں واقع بتکما کنٹہ کو گزشتہ سال ستمبر میں دوبارہ عوام کے لیے کھول دیا گیا تھا ۔ جب کہ مزید تین تالابوں پر کام جاری ہے ۔ اس کے علاوہ دوسرے مرحلے میں مزید 14 تالابوں کی ترقی کا منصوبہ بھی شروع ہوگیا ہے ۔ پرانے شہر کا تاریخی بم رکن الدولہ تالاب نظام دور کی ایک اہم یادگار ہے ۔ جسے حیڈرا نے جدید سہولیات کے ساتھ دوبارہ بحال کیا ہے ۔ تالاب کے پشتے کو مضبوط بناکر واکنگ ٹریک تیار کیا گیا ہے اور وہاں اوپن جم بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ ہر عمر کے افراد صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لے سکے ۔ بچوں کے لیے کھیل کے میدان ، بزرگوں کے لیے گیزبوس اور میڈیسنل پلانٹس کے ساتھ سایہ دار درخت بھی لگائے گئے ہیں ۔ تالاب کے اطراف سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔ جن کی نگرانی حیڈرا ہیڈکوارٹر سے کی جائے گی ۔ حیڈرا کمشنر رنگناتھ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ بم رکن الدولہ جھیل کے اطراف کو ایک مکمل تفریحی مرکز کے طور پر تیار کیا گیا اس مقصد کے لیے سرسیز لان ۔ بہتر داخلی و خارجی راستے اور بارش کے پانی کے بہاؤ کے مناسب انتظامات کیے گئے تاکہ تالاب کی آبی سطح برقرار رہے اور سیلابی مسائل سے بھی بچا جاسکے ۔ دوسری جانب کوکٹ پلی نالہ چیرو کو بھی بحال کرنے کا کام تقریبا مکمل ہوچکا ہے ۔ یہ تالاب طویل عرصے سے نظر انداز تھا اور تعمیری ملبہ کی وجہ سے سکڑ کر تقریبا 16 ایکر رہ گیا تھا لیکن صفائی اور بحالی کے بعد اسے دوبارہ تقریبا 30 ایکر تک وسعت دی گئی ۔ کئی ناجائز قبضوں کو بھی منہدم کردیا گیا ہے ۔ اس تالاب کو اب ایک خوبصورت تفریحی مقام کی شکل دی گئی ہے ۔ جہاں کشتی رانی سمیت دیگر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے ۔۔2