پرانے شہر کے دو مسلم کے بشمول دیگر 8 امیدواروں کو تاحال بی فارم کی عدم اجرائی

   

بی آر ایس قیادت نے نامپلی اور گوشہ محل اسمبلی حلقوں سے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا
حیدرآباد۔/26 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے قومی سربراہ وچیف منسٹر کے سی آر نے 2 ماہ قبل ہی اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا مگر دو مسلم امیدواروں کے بشمول پرانے شہر کے 8 امیدواروں کو آج تک بی فارم حوالے نہیں کیا اور نہ ہی ابھی تک اسمبلی حلقہ جات نامپلی اور گوشہ محل سے پارٹی امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ اسمبلی حلقہ عالم پور سے موجودہ رکن اسمبلی کو دوبارہ امیدوار بنانے کا اعلان کیا گیا مگر انہیں بھی بی فارم جاری نہیں کیا گیا۔ چیف منسٹر نے دو ماہ قبل 115 امیدواروں کا اعلان کیا اور 15 اکٹوبر سے پارٹی امیدواروں کو بی فارم دینے کا آغاز کیا ہے۔ چار اسمبلی حلقوں کے امیدواروں کے اعلان کو زیر التواء رکھا تھا تاہم کل ہی اسمبلی حلقہ نرسا پور سے سنیتا لکشما ریڈی کو پارٹی امیدوار بناتے ہوئے انہیں بی فارم حوالے کردیا گیا۔ ملکاجگیری سے پارٹی امیدوار بنانے کے باوجود ایم ہیمنت راؤ نے پارٹی سے مستعفی ہوکر کانگریس میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے اس حلقہ سے ریاستی وزیر لیبر ملاریڈی کے داماد راج شیکھر ریڈی کو امیدوار بناتے ہوئے انہیںبی فارم دے دیا گیا ہے۔ پرانے شہر سے مسلم امیدواروں میر عنایت علی باقری ( بہادر پورہ ) صلاح الدین لودھی ( چارمینار ) کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دوسرے قائدین کو بھی بی فارم جاری نہیں کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹی اجیت ریڈی ( ملک پیٹ ) اے کرشنا (کاروان ) ایم سیتا رام ریڈی ( چندرائن گٹہ ) ایس سریندر ریڈی ( یاقوت پورہ ) کو پارٹی نے امیدوار بنایا ہے۔ بی آر ایس پارٹی میں یہ افواہیں گشت کررہی ہیں کہ اسمبلی حلقہ نامپلی سے آنند گوڑ اور اسمبلی حلقہ گوشہ محل سے نند کشور ویاس کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے تاہم ابھی تک سرکاری طور پر اس کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ اسمبلی حلقہ عالم پور کے موجودہ رکن اسمبلی ابراہیم کو امیدوار بنانے کا 21 اگسٹ کو ہی اعلان کیا گیا تھا مگر ابھی تک انہیں بھی بی فارم نہیں دیا گیا۔ عالم پور اسمبلی حلقہ میں بی آر ایس کے مقامی قائدین ان کی مخالفت کررہے ہیں جس پر پارٹی نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ن