پردیش کانگریس میں بڑے پیمانہ پر تبدیلیوں کا امکان

   

الیکشن کمیٹی کو محدود کرنے کا فیصلہ، آئندہ ہفتہ دہلی میں اہم اجلاس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات سے قبل کانگریس ہائی کمان نے تنظیم میں تبدیلیوں کے ذریعہ بنیادی سطح پر مستحکم کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ پردیش کانگریس کی الیکشن کمیٹی کے ارکان کی تعداد کم کرتے ہوئے اسے متحرک کرنے کا منصوبہ ہے ۔ اس کے علاوہ ضلع کانگریس صدور کے ناموں کا بھی جلد اعلان کردیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اے آئی سی سی نے الیکشن کمیٹی میں اہم قائدین اور فلمی شخصیتوں کو شامل کرنے کی ہدایت دی ۔ اسمبلی انتخابات سے قبل تشکیل دی گئی کمیٹی میں 54 ارکان ہیں۔ اے آئی سی سی نے ارکان کی تعداد کم کرتے ہوئے سینئر قائدین ، فلمی ایکٹریس ، اضلاع کے بعض قائدین اور محاذی تنظیموں کے صدور کو شامل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پردیش کانگریس کے قائدین نئی کمیٹی کی تشکیل میں مصروف ہیں۔ یہ کمیٹی لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا جائزہ لے گی۔ ہر پارلیمانی حلقہ سے تین یا چار ناموں کے ساتھ فہرست اے آئی سی کو روانہ کی جائے گی ۔ اسی دوران پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں شکست کی وجوہات کا جائزہ لینے کا کام شروع کردیا ہے ۔ دہلی کی سطح پر ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی تھی ۔ کانگریس پارٹی جس نے تلنگانہ کی تشکیل میں اہم رول ادا کیا ، اس کی دوسری مرتبہ شکست پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فروری کے پہلے ہفتہ میں پردیش کانگریس کے اہم قائدین کو نئی دہلی طلب کیا جائے گا ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی اور دیگر قائدین 2 تا 7 فروری کے دوران کسی ایک دن تلنگانہ قائدین کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں گے ۔ اس اجلاس میں شکست کی وجوہات کے علاوہ لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی کا جائزہ لیا جائے گا ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ اندرون تین یوم ہائی کورٹ ضلع کانگریس صدور کے ناموں کو منظوری دے گا ۔