حیدرآباد ۔ گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات میں پارٹی کی بدترین شکست کے بعد اتم کمار ریڈی نے پردیش کانگریس کی صدارت سے اپنا استعفی پیش کردیا ہے ۔ پارٹی کی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے ہائی کمان کو جاری کردہ بیان میں کہا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت سے میں نے اپنا استعفی پیش کردیا ہے ۔ انہوں نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی درخواست کی پردیش کانگریس کے نئے صدر کے انتخاب کا عمل فوری طور پر شروع کریں ۔ واضح رہے کہ 2019 عام انتخابات میں پارٹی کے کمزور مظاہرے کے بعد اتم کمار ریڈی نے صدارت سے اپنا استعفی پیش کردیا تھا تاہم انہیں متبادل انتظام تک برقرار رہنے کی خواہش کی گئی ۔ تلنگانہ کے انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹاگور ایم پی نے اس بات کا اشارہ دیا کہ نئے صدر کے انتخاب کے سلسلہ میں ہائی کمان بہت جلد قدم اٹھائے گا ۔ بلدی انتخابات میں اپل اور اے ایس راؤ نگر سے کانگریس کو کامیابی حاصل ہوئی ۔