کانگریس وفادار فورم قائدین کی ہائی کمان سے نمائندگی، عنقریب وفد کی روانگی
حیدرآباد۔ 27 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سینئر کانگریس قائدین نے پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت پر نووارد اور جونیئر قائدین کا تقرر نہ کرنے پارٹی ہائی کمان سے اپیل کی ہے۔ اس سلسلہ میں قائدین کا ایک وفد بہت جلد نئی دہلی میں ہائی کمان سے ملاقات کرے گا۔ تلنگانہ کے سینئر قائدین نے کانگریس وفادار فورم کے نام پر اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔ اس فورم میں طویل عرصے سے پارٹی میں خدمات انجام دینے والے قائدین شامل ہیں جن میں سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو، سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈاریڈی، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی اور دوسرے شامل ہیں۔ تلگودیشم سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کی جانب سے پردیش کانگریس کی صدارت کی دوڑ میں شمولیت کے خلاف یہ مہم شروع کی گئی ہے۔ ملکاجگری کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی اور بھونگیر کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے پہلے ہی اپنی دعویداری پیش کردی ہے۔ ان کے علاوہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، ارکان اسمبلی سریدھر بابو، جگاریڈی اور دیگر قائدین نے پی سی سی صدارت کے لیے ہائی کمان سے نمائندگی کی ہے۔ دہلی میں اے آئی سی سی کے سینئر قائدین کی تائید حاصل کرنے کے لیے بیشتر قائدین دہلی کے دورے پر ہیں۔ ایم کودنڈاریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کرنے کے لیے حقیقی کانگریسیوں کو ذمہ داری دیی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے لیے قربانیاں دینے والے قائدین کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری اور تنظیمی امور کے انچارج کے سی وینوگوپال ان دنوں مہارشٹرا کے دورے پر ہیں۔ مہاراشٹر میں مخلوط حکومت کی تشکیل اور کرناٹک میں اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کی سرگرمیوں کے بعد توقع ہے کہ وہ آئندہ ہفتے نئی دہلی واپس ہوں گے۔ تلنگانہ کے تمام سینئر قائدین آئندہ ہفتے دہلی کا دورہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ تمام سینئر قائدین متحدہ طور پر اپنی آواز ہائی کمان تک پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ نئے قائدین کو پی سی سی صدر بننے سے روکا جاسکے۔