پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے قائدین میں اختلافات

   

ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی‘ریونت ریڈی کی اتم کمار ریڈی کے خلاف ہائی کمان سے شکایت
حیدرآباد۔/19 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ صدر پردیش کانگریس عہدہ کیلئے قائدین میں مسابقت کی دوڑ نے پارٹی میں گروہ بندیوں کو بے نقاب کردیا ۔ صدارت کی دوڑ میں ملکاجگری ایم پی ریونت ریڈی دیگر قائدین سے آگے تھے اور اعلیٰ کمان کے قریبی افراد بھی ان کی تائید کررہے تھے۔ تاہم سینئر قائدین نے ریونت ریڈی کے نام کی مخالفت کی۔ سابق رکن راجیہ سبھی وی ہنمنت راؤ مخالفت میں سب سے آگے رہے اور انہوں نے مختلف قائدین کو باور کرایا کہ دیگر پارٹیوں سے آنے والے قائدین کو کس طرح کمان سونپی جاسکتی ہے۔ ہنمنت راؤ کی مہم کے بعد ہائی کمان کو مختلف گوشوں سے ریونت ریڈی کی امیدواری کے خلاف نمائندگیاں کی گئیں۔ریونت ریڈی کی ارکان خاندان کے ساتھ سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی تھی کہ پردیش صدارت پر انکا انتخاب یقینی ہے۔ اتم کمار ریڈی، بھٹی وکرامارکا اور دیگر قائدین کی مخالفت کے نتیجہ میں ریونت ریڈی کا نام صدارت کی دوڑ میں پیچھے ہوگیا۔ اس سے ناراض ریونت ریڈی نے حضور نگر اسمبلی حلقہ میں اتم کمار ریڈی کی اہلیہ کی امیدواری کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا سے مطالبہ کیا کہ اتم کمار کو وجہ نمائی نوٹس جاری کرکے تادیبی کارروائی کی جائے کیونکہ انہوں نے پارٹی کارکنوں کے اجلاس میں یکطرفہ اعلان کردیاکہ ان کی اہلیہ امیدوار ہوں گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں ہائی کمان سے شکایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر حلقہ سے وہ کسی اور قائد کا نام پیش کررہے ہیں۔ ہائی کمان کی جانب سے منظوری کے بغیر اتم کمار ریڈی کس طرح بیان دے سکتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے یورانیم کی کھدائی کے مسئلہ پر بعض کانگریس قائدین کی مہم کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سمپت کمار یورانیم کی اے بی سی ڈی سے واقف نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی بدعنوانیوں کے ثبوت وہ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن کو پیش کریں گے۔