بنگلورو۔12 اکتوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) شری سدھارتھ ایجوکیشن ٹرسٹ کے ماتحت تعلیمی اداروں پر گزشتہ تین دنوں سے جاری محکمہ انکم ٹیکس کی چھاپہ ماری نے ہفتہ کو اس وقت ایک نیا موڑ لے لیا جب اس ٹرسٹ کے چیرمین اور کرناٹک کے سابق نائب وزیر اعلی پرمیشور کے نجی معاون رمیش نے صبح یہاں خود کشی کر لی۔پولیس نے بتایا کہ محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے پرمیشور کے مختلف ٹھکانوں اور ان کے گھر پر چھاپہ مارنے کے بعد رمیش جن بھارتی احاطے کے ایک درخت پر پھندا لگا کر جھول گیا جس سے اس کی موت ہو گئی ۔ پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کرکے جانچ شروع کر دی ہے ۔ پرمیشو رنے اپنی رہائش گاہ پر یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ وہ منگل کو محکمہ انکم ٹیکس کے حکام کے سامنے پیش ہوں گے اور ٹرسٹ کے ما تحت تعلیمی اداروں پر ہوئی چھاپہ ماری کے سلسلے میں ضروری دستاویزات پیش کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس نے چھاپے مارے ہیں اور مجھے منگل کو بلایا ہے ۔ میں تمام دستاویزات ان کو دوں گا اور ان تمام سوالات کا جواب دوں گا ۔