وزیراعظم مودی سے توانائی، دفاع، سکیورٹی اور تجارت پر ترجیحی مذاکرات متوقع
ریاض ؍ نئی دہلی 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان آئندہ ہفتہ دو روزہ دورہ ہند پر یہاں پہونچیں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ان کی بات چیت کے دوران دفاع، تجارت و توانائی کی طمانیت ترجیحی موضوعات رہیں گے۔ پرنس محمد بن سلمان اپنے پہلے دورۂ ہند کا 19 فروری سے آغاز کریں گے۔ ان کی قیادت میں وزراء، اعلیٰ عہدیداروں اور بزنسمین کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہندوستان پہونچ رہا ہے۔ سعودی ولیعہد اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ باہمی مفادات کے حامل وسیع تر اُمور و مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند اور نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو سے بھی ملاقات کریں گے۔ شہزادہ محمد جو سعودی مجلس وزراء کے نائب سربراہ بھی ہیں، اپریل 2016 ء میں وزیراعظم مودی کے اعلیٰ سطحی دورہ سعودی عرب کے بعد ہند کا یہ دورہ کررہے ہیں۔ مودی کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر جانبین نے حکمت عملی کی موجودہ رفاقت کو مزید مستحکم بنانے سے اتفاق کیا تھا۔ وزارت اُمور خارجہ نے کہا ہے کہ حالیہ برسوں کے دوران طمانیت، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر، دفاع اور سکیورٹی جیسے کلیدی شعبوں میں ہندوستان اور سعودی عرب کے مابین باہمی تعاون میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ 2017-18 ء کے دوران باہمی تجارت 27.48 ارب امریکی ڈالر رہی جس کے ساتھ سعودی عرب اب ہندوستان کا چوتھا بڑا تجارتی ساجھیدار بن گیا۔ حال ہی میں سعودی تیل کمپنی آرامکو نے متحدہ عرب امارات کے ادارہ ایڈنوک کے ساتھ رتناگیری ریفائنری اور پٹرو کمیکل پراجکٹ پر 44 ارب امریکی ڈالر کا مشترکہ وینچر شروع کیا ہے۔ مملکت سعودی عرب ہر سال اوسطاً 1,75,000 ہندوستانیوں کو حج کی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔
ترکی میں ملک گیر گرفتاریاں
انقرہ ۔ 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ترک حکام نے 2016ء کی ناکام بغاوت کیلئے موردالزام ٹھہرائے جانے والے گروپ سے مبینہ رابطوں کے ضمن میں آج ملک گیر کارروائی کے دوران کم سے کم 641 افراد کو گرفتار کرلیا۔