پرگتی بھون اور فارم ہاؤز اراضی کو غریبوں میں تقسیم کردیا جائے گا

   

Ferty9 Clinic

بی جے پی صدر بنڈی سنجے کا اعلان، حضور آباد میں ایٹالہ کی کامیابی کا یقین
حیدرآباد۔30 ۔جولائی (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے اعلان کیا کہ 2023 ء اسمبلی انتخابات میں بی جے پی برسر اقتدار آتے ہی پرگتی بھون اور کے سی آر کے فارم ہاؤز پر ایک لاکھ ہل چلائے جائیں گے اور دونوں اراضیات عوام میں تقسیم کردی جائیں گی ۔ بنڈی سنجے اندرا پارک پر پارٹی کے پسماندہ طبقات شعبہ کی جانب سے منعقدہ دھرنے سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اسمبلی انتخابات میں شکست کا خوف لاحق ہوچکا ہے ۔ چیف منسٹر کو دلتوں اور قبائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ ایس ٹی طبقات کو اراضی کی تقسیم کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن آج تک پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم کے تحت ہر دلت خاندان کو 10 لاکھ روپئے فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ بی جے پی 10 لاکھ کے بجائے 30 لاکھ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتی ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ کی تشکیل کے بعد پہلا چیف منسٹر دلت کو بنانے سے متعلق کے سی آر کے وعدہ کو یاد دلایا ۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ ریاست کے 18 فیصد دلتوں میں کیا کے سی آر کو ایک بھی شخص ایسا نہیں ملا جو چیف منسٹر کے عہدہ کا اہل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا 125 فٹ بلند مجسمہ نصب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کے سی آر نے دلتوں کے ساتھ دھوکہ دیا ہے ۔ بی جے پی برسر اقتدار آنے پر پرگتی بھون کو منہدم کر کے وہاں امبیڈکر کا مجسمہ نصب کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کی حیثیت سے پہلی فائل پر مجسمہ کی تنصیب کیلئے دستخط کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کو انتخابات میں عوام کی تائید کے بجائے ووٹ خریدنے سے دلچسپی ہے ۔ کے سی آر نے حضور آباد کے ضمنی چناؤ کو بائی الیکشن سے بائینگ الیکشن (ووٹ خریدی الیکشن) میں تبدیل کردیا ہے ۔ ایٹالہ راجندر کی کامیابی روکنے کیلئے ابھی سے کروڑہا روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ پسماندہ طبقات کیلئے علحدہ سب پلان اور آتما گوروا بھونس کی تعمیر کے وعدہ کو بھلا دیا گیا۔ کے سی آر نے ریاست کے تمام طبقات کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے اپنی کابینہ میں او بی سی طبقہ کے 27 اور ایس سی طبقہ کے 12 وزراء کو شامل کیا ہے ۔ 2023 ء میں تلنگانہ میں غریبوں کا راج واپس آئے گا۔ بی جے پی کارکن کے سی آر کی لاٹھی اور پولیس سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ سنجے نے کہا کہ ریاست کے تمام طبقات کا کے سی آر پر سے اعتماد اٹھ چکا ہے ۔