پرگتی بھون میں سیاسی سرگرمیوں کے خلاف کانگریس کی الیکشن کمیشن سے شکایت

   

حیدرآباد ۔26۔اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی سرکاری رہائش گاہ پرگتی بھون سے سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی پھر ایک مرتبہ الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے ۔ الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین جی نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو مکتوب روانہ کیا جس میں نشاندہی کی گئی کہ الیکشن کمیشن کی نوٹس کے باوجود چیف منسٹر نے کل نرسا پور اسمبلی حلقہ کی کانگریس امیدوار سنیتا لکشما ریڈی کو پرگتی بھون میں بی فارم حوالہ کیا اور اس کی تصاویر اور خبریں اخبارات میں شائع ہوئیں۔ الیکشن کمیشن کو اخبارات کے تراشے روانہ کرتے ہوئے اس معاملہ میں مداخلت کرنے کی اپیل کی گئی۔ انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری کے ذریعہ سرکاری رہائش گاہ کو سیاسی سرگرمیوں سے روکنے کی درخواست کی گئی۔ مکتوب میں 16 اور 20 اکتوبر کو روانہ کردہ نمائندگیوں کا حوالہ دیا گیا۔ اے آئی سی سی قائدین نے کل نئی دہلی میں الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی۔ واضح رہے کہ کانگریس کی شکایت کے بعد چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے پرگتی بھون کے اسٹیٹ آفیسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سرکاری سرگرمیوں کے بارے میں وضاحت طلب کی تھی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کئی پارٹی امیدواروں کو پرگتی بھون میں بی فارم حوالے کئے تھے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کی۔ باوجود اس کے کل سنیتا لکشما ریڈی کو پرگتی بھون میں بی فارم حوالے کیا گیا۔