پرینکا اور سندھیا کو یوپی میں تشکیل حکومت کا ٹارگٹ

,

   

امیتھی 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہاکہ اُنھوں نے اپنی بہن پرینکا گاندھی جنھیں ابھی ابھی مشرقی اترپردیش کے اُمور کی ذمہ داری دی گئی، اُن کو اور اُن کے ساتھ جیوتیر آدتیہ سندھیا کو اِس ریاست میں اگلی حکومت تشکیل دینے میں پارٹی کے لئے راہ ہموار کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔ اُنھوں نے اپنے حلقہ میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب میں کہاکہ کانگریس آنے والے لوک سبھا چناؤ میں بھرپور طاقت کے ساتھ لڑے گی۔ راہول کے دو روزہ دورۂ امیتھی کے دوران گزشتہ روز چہارشنبے کو پرینکا گاندھی باقاعدہ طور پر عملی سیاست میں داخل ہوئیں جس کی برسوں سے قیاس آرائی کی جاتی رہی تھی۔ اُنھیں اترپردیش ایسٹ کے لئے جنرل سکریٹری بنایا گیا جبکہ سندھیا کو یوپی ویسٹ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ صدر کانگریس نے کہاکہ پرینکا اور سندھیا کو مخصوص ٹارگٹ دیا گیا ہے۔ وہ یہ کہ اترپردیش میں آئندہ الیکشن میں بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے کانگریس کی حکومت تشکیل دی جائے۔ ’’پی ایم مودی کے برخلاف مَیں بی جے پی مکت بھارت کی بات نہیں کرتا لیکن اپنی باتوں میں احترام کا پہلو ملحوظ رکھتا ہوں‘‘ راہول کا اشارہ نریندر مودی کی اُس اپیل کی طرف ہے جس میں اُنھوں نے ہندوستان کو کانگریس سے پاک کرنے کی بات کہی تھی۔ راہول نے کہاکہ چاہے گجرات ہو، اترپردیش ہو یا ٹاملناڈو ہر جگہ کانگریس پیش پیش رہتے ہوئے پوری طاقت کے ساتھ چناؤ لڑے گی اور آپ دیکھیں گے کہ اِس ریاست میں ودھان سبھا انتخابات کے بعد کانگریس حکومت قائم ہوگی۔ لوک سبھا چناؤ میں ہم پوری توانائی لگائیں گے اور پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اُنھوں نے مرکزی حکومت پر رافیل طیارہ معاملت کے بارے میں تنقید کی اور وزیراعظم کو مورد الزام ٹھہرایا کہ اُنھوں نے صنعت کاروں کے قرضے عملاً معاف کردیئے۔ تاہم اِن الزامات کی پہلے ہی حکومت تردید کرچکی ہے۔ صدر کانگریس نے کہاکہ چوکیدار چور ثابت ہوا ہے اور یہ نعرہ دوہرایا کہ گلی گلی میں شور ہے چوکیدار چور ہے۔ قبل ازیں صبح میں راہول گاندھی ایک گیسٹ ہاؤز میں پارٹی ورکرس سے ملاقات کے بعد مقامی شیو مندر گئے۔
پرینکا کے داخلے سے یو پی اے کو فائدہ :ہریش راوت
دہرہ دون 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر اترکھنڈ ہریش راوت نے آج کہاکہ پرینکا گاندھی کے عملی سیاست میں داخلہ نے بہت سارے امکانات پیدا کردیئے ہیں اور مرکز میں اقتدار پر واپسی کے لئے یو پی اے کو فائدہ ہونا لازمی ہے۔ راوت نے راہول گاندھی کو مبارکباد دی کہ اترپردیش کی سیاست بدلنے میں اُنھوں نے زبردست حکمت عملی اختیار کی ہے اور پرینکا کو بھی سراہا کہ اُنھوں نے مشرقی یوپی کی ذمہ داری کے ساتھ پارٹی جنرل سکریٹری کا عہدہ قبول کیا ہے۔

پرینکا کی وجہ سے بی جے پی کو فائدہ ہوگا : سشیل مودی
پٹنہ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ڈپٹی چیف منسٹر بہار سشیل مودی نے آج کہاکہ سرگرم سیاست میں پرینکا گاندھی وڈرا کے داخلے سے اترپردیش میں بی جے پی کو ’’فائدہ‘‘ ہوگا اور دعویٰ کیاکہ اِس اقدام کا مقصد ووٹوں کی تقسیم کے پہلو کے ساتھ ایس پی ۔ بی ایس پی اتحاد کے لئے خطرہ پیدا کرنا ہے۔ پرینکا باقاعدہ طور پر گزشتہ روز سیاست میں داخل ہوئیں جبکہ اُن کے بھائی اور صدر کانگریس راہول گاندھی نے اُنھیں جنرل سکریٹری برائے اترپردیش ایسٹ مقرر کیا۔ سشیل مودی نے یہ طنز بھی کیاکہ پرینکا کا تقرر اُن کے شوہر رابرٹ وڈرا کے خلاف کرپشن کے مبینہ اسکینڈلس کو دوبارہ منظر پر لے آئے گا جو این ڈی اے کیلئے فائدہ مند ہوگا۔