10 حلقوں میں روڈ شو اور جلسوں سے خطاب، راہول اور ملکارجن کھرگے بھی مہم چلائیں گے
حیدرآباد ۔20۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ کی انتخابی مہم پر توجہ مرکوز کردی ہے ۔ راجستھان ، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش کی انتخابی مہم کے اختتام کے ساتھ ہی کانگریس ہائی کمان نے اسٹار کیمپینر پرینکا گاندھی کو تلنگانہ کے تین روزہ دورہ پر روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پرینکا گاندھی جو عوام میں کانگریس کے دیگر قائدین حتیٰ کہ اپوزیشن قائدین سے زیادہ مقبول ہیں، 24 ، 25 اور 27 کو تلنگانہ میں 10 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کرتے ہوئے روڈ شوز اور عام جلسوں سے خطاب کریں گی۔ پرینکا گاندھی کے شیڈول کے مطابق 24 نومبر کو صبح 11 بجے پالا کرتی (ورنگل) اسمبلی حلقہ میں روڈ شو اور جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ 2 بجے دن حسن آباد اسمبلی حلقہ میں کانگریس امیدوار پونم پربھاکر کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گی اور جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ شام 4 بجے کریم نگر کے دھرما پوری اسمبلی حلقہ میں پرینکا گاندھی کا روڈ شو ہوگا ۔ 25 نومبر کو متحدہ ورنگل ضلع کے پالیرو ، کھمم ، وائرا اور مدھیرا چار اسمبلی حلقہ جات میں پرینکا گاندھی کا روڈ شو اور کارنر میٹنگ سے خطاب رہے گا۔ 27 نومبر کو 11 بجے پرینکا گاندھی منوگوڑ اسمبلی حلقہ میں کانگریس امیدوار کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گی۔ دوپہر 2 بجے دیورکنڈہ اور 4 بجے گدوال اسمبلی حلقہ جات میں پرینکا گاندھی کا روڈ شو اور عام جلسوں سے خطاب رہے گا۔ اے آئی سی سی ذرائع کے مطابق 23 نومبر کو راجستھان میں رائے دہی کے فوری بعد راہول گاندھی بھی تلنگانہ میں انتخابی مہم چلائیں گے اور دونوں بھائی بہن 27 نومبر تک علحدہ علحدہ مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کیلئے علحدہ انتخابی شیڈول تیار کیا جارہا ہے۔