حیدرآباد۔/12جنوری، ( سیاست نیوز) جنرل سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر گاندھی بھون میں تقریب کا اہتمام کیا گیا اور کیک کاٹا گیا۔ جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی محمد فیروز خاں کی قیادت میں پرینکا گاندھی برتھ ڈے تقاریب منائی گئیں اور کارکنوں اور عوام میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ نائب صدر پردیش کانگریس ٹی کمار راؤ، سکریٹری پردیش کانگریس محمد راشد خاں کے علاوہ گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے پارٹی قائدین نے تقریب میں شرکت کی اور پرینکا گاندھی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیروز خاں نے کہا کہ پرینکا گاندھی نے لوک سبھا کیلئے منتخب ہونے سے قبل ملک بھر میں سیکولر طاقتوں اور انڈیا الائینس کے استحکام میں اہم رول ادا کیا۔ عوامی خدمات کے نتیجہ میں کیرالا کے وائیناڈ لوک سبھا حلقہ کے رائے دہندوں نے بھاری اکثریت سے منتخب کیا ہے۔ پارلیمنٹ میں دستور کے تحفظ کیلئے پرینکا گاندھی کی تاریخی تقریر رہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کو پرینکا گاندھی کی قیادت سے کافی امیدیں ہیں اور ان کی رہنمائی میں کانگریس پارٹی ملک میں اقتدار حاصل کرے گی۔1