پرینکا گاندھی کے 8 مئی کے جلسہ عام سے نوجوانوں کو نئی جہت ملے گی

,

   

بیروزگار نوجوان کے سی آر حکومت سے مایوس، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد5 مئی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ 8 مئی کو سرورنگر اسٹیڈیم میں پرینکا گاندھی کی آمد کے سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ بیروزگار نوجوانوں کے جلسہ عام سے پرینکا گاندھی خطاب کریں گی اور یہ جلسہ عام تلنگانہ کے نوجوانوں کو نئی سمت عطا کرے گا۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ سہ پہر 3.00 بجے تا شام 5.30 بجے جلسہ منعقد ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں اور خاص طور پر بیروزگار نوجوانوں اور طلبہ سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل میں کسانوں کے جلسہ عام میں راہول گاندھی نے جس طرح اعلانات کئے تھے، پرینکا گاندھی نوجوانوں کیلئے کانگریس برسر اقتدار آنے پر اسکیمات کا اعلان کرینگی ۔ انہوں نے کہا کہ روزگار ، پانی اور اثاثہ جات کے نام پر جدوجہد کرکے علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کی گئی ہے۔ تلنگانہ میں دو لاکھ سرکاری جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ کے سی آر حکومت نے تقررات کے نام پر نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے اور پبلک سرویس کمیشن کے پرچہ جات کے افشاء سے نوجوانوں میں مایوسی پھیل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کسی بھی امتحان کے پرچہ جات محفوظ نہیں رہے۔ ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ کے پرچہ جات کا افشاء ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں دو لاکھ کسانوں نے خودکشی کی ہے۔ کے سی آر حکومت میں نوجوانوں کو انصاف کی کوئی امید نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی ملازمت ترک کرتے ہوئے شرد نامی نوجوان نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ۔ 10 اپریل کو شمولیت کے بعد 2 مئی کو انہیں چیف منسٹر کا پرائیوٹ سکریٹری مقرر کیا گیا اور اس سلسلہ میں احکامات راز میں رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں بی جے پی کی کامیابی کیلئے کے سی آر مدد کر رہے ہیں۔ اگر انہیں بی جے پی کی شکست میں دلچسپی ہو تو کرناٹک کا دورہ کرتے ہوئے بی جے پی کی کھل کر مخالفت کریں۔ انہوں نے ہنومان چالیسہ کے مسئلہ پر کشن ریڈی اور لکشمن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں قائدین سکریٹریٹ کے احاطہ میں مندر کے انہدام پر خاموش ہیں۔ر