پلاسٹک کے استعمال سے مہلک مرض کینسر کے خطرات میں اضافہ

   

سنگاریڈی میں ماحولیاتی بیداری ریالی، بلدیہ چیرپرسن و کمشنر کا خطاب، صفائی انتظامات کیلئے خصوصی اقدامات
سنگاریڈی 14 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے 99 روزہ عوامی حکمرانی ترقیاتی منصوبہ کے تحت بلدیہ سنگاریڈی کی جانب سے شہر میں صفائی اور ماحولیاتی بیداری کے لیے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی کا مقصد عوام میں صفائی کی اہمیت اجاگر کرنا اور پلاسٹک کے مضر اثرات سے متعلق شعور بیدار کرنا تھا یہ بیداری ریلی بلدیہ کمشنر سری نواس ریڈی کی قیادت میں بلدیہ دفتر سنگاریڈی سے شروع ہوئی اور امبیڈکر اسٹیڈیم، مدینہ چوراہا سے ہوتی ہوئی امبیڈکر مجسمہ تک ریلی میں بلدیہ چیئرپرسن کونا وینیتا سنتوش کمار، بلدیہ کے اراکین، عہدیداران، ملازمین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر سری نواس ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پلاسٹک کے استعمال سے حتی الامکان گریز کریں کیونکہ اس کے مضر اثرات انسانی صحت پر مرتب ہوتے ہیں اور مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کے بڑھتے ہوئے استعمال کی وجہ سے خواتین میں کینسر جیسے موذی امراض کے خطرات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو دودھ پلانے کے لیے پلاسٹک کی بوتلوں کے استعمال سے بھی احتیاط برتنی چاہیے کیونکہ اس کے صحت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی ایک ترقی پذیر اور خوشگوار شہر ہے جہاں ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع میسر ہیں، اس لیے اس شہر کی صفائی اور خوبصورتی کو برقرار رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں اور اطراف کے علاقوں میں کچرا اور گندا پانی جمع نہ ہونے دیں تاکہ مختلف بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر شہر کے کسی بھی مقام پر کچرا جمع ہو تو فوری طور پر بلدیہ کو اطلاع دی جائے تاکہ صفائی کا مناسب انتظام کیا جا سکے۔ بلدیہ چیئرپرسن کونا وینیتا سنتوش کمار نے بھی عوام سے اپیل کی کہ خریداری کے لیے گھروں سے کپڑے کے تھیلے استعمال کریں اور پلاسٹک کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک زمین میں گلتا نہیں اور ماحول کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ کی جانب سے شہر میں صفائی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور عوام کے تعاون سے ہی سنگاریڈی کو صاف، سرسبز اور خوبصورت شہر بنایا جا سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے مستقبل میں بھی عوامی شعور بیدار کرنے کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔