پلوامہ حملہ کے خلاف مجسمہ امبیڈکر پر احتجاجی مظاہرہ

   

حیدرآباد۔19فبروری(سیاست نیوز) پلوامہ دہشت گرد حملے کے خلاف ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی ‘ مسلم فرنٹ کے ذمہ داران نے مجسمہ امبیڈکر واقع ٹینک بنڈ پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ چیف کنونیر فرنٹ ثناء اللہ خان کی قیادت میںمولانا سید طار ق قادری‘ حیات حسین حبیب ‘ نعیم اللہ شریف ‘ اور دیگر نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ سی آر پی ایف کے شہید فوجیوں کے پسماندگان کی ہرممکن مدد کی جائے ۔ فرنٹ کے قائدین نے کہاکہ مرکزی حکومت دہشت گردحملوں کو روکنے میںپور ی طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوںنے حکومت ہندسے استفسار کیاکہ آخر کیاوجہہ ہے نوٹ بندی کے بعد دہشت گرد حملوں میں کمی نہیں آئی ہے جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے نوٹ بندی کے فیصلے کو دہشت گردی کے خلاف ایک زبردست کاری ضرب قراردیا تھا۔فرنٹ کے مذکورہ قائدین نے کہاکہ حکومت ہند کو اپنی خارجی پالیسی میںتبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ معاشی تعلقات منقطع کرنا دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوئی جواز نہیں ہے ۔ فرنٹ نے اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیاہے کہ پلوامہ دہشت گرد حملے کے بہانے فرقہ پرست طاقتیں ملک کے پرامن ماحول کو مکدر کرنے کی کوشش کررہے ہیں،ہندوستان بھر میںمقیم کشمیریوں کی جان ومال کی حفاظت حکومت ہند کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ فسطائی طاقتیں پلوامہ دہشت گرد حملے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس مشکل گھڑی میں ملک کے عوام شہید فوجیوں کے پسماندگان کے ساتھ بلاتفریق مذہب او رذات پات کھڑے ہیں۔ دہشت گردی مردہ باد کے نعروں کی گونج میں احتجاجی مظاہرہ اختتام پذیر ہوا۔