ایلان مسک کے منصوبے پر سوشیل میڈیا میں ہلچل ۔ اسپیس ایکس اسٹارشپ راکٹ بین براعظمی سفر کو منٹوں میں پورا کرسکتا ہے
واشنگٹن : پلک جھپکتے میں دنیا بھر کی سیر کا محاورہ اب شائد حقیقت بننے جا رہا ہے کیونکہ امریکہ میں ڈونالڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد ارب پتی تاجر ایلان مسک نے اعلان کیا ہے کہ اسپیس ایکس کا باوقار زمین سے زمین تک اسپیس سفر پراجیکٹ بہت جلد حقیقت بن سکتا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ اگر یہ پراجیکٹ حقیقت میں بدل جائے تو امریکہ سے ہندوستان تک کا سفر محض 30 منٹ میں پورا کیا جاسکتا ہے ۔ اسپیس ایکس اسٹارشپ راکٹ کا پہلا خیال دس برس قبل آیا تھا اور سمجھا جاتا ہے کہ یہ دنیا میں سب سے زیادہ طاقتور راکٹ ہوسکتا ہے اور اس کے نتیجہ میں ایک سے دوسرے بر اعظم تک کا سفر اتنی رفتار سے ہوگا جس کا پہلے تصور بھی محاصل تھا ۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسٹارشپ کے ذریعہ ہر ٹرپ میں ایک ہزار مسافرین کو موقع مل سکتا ہے اور یہ زمین سے متصل اپنے مدار میں سفر کرے گی نہ کہ زمین سے خلاء میں جائے گی ۔ جو قیاس کیا جا رہا ہے وہ حیرت انگیز ہے کہ طویل فاصلے بھی چند منٹ میں طئے کئے جاسکتے ہیں۔ یہ دعوی کیا جا رہا ہے کہ لاس اینجلس سے ٹورنٹو تک کا سفر محض 24 منٹ میں ‘ لندن سے نیویارک تک کا سفر 29 منٹ میں اور دہلی سے سان فرانسسکو تک کا سفر 30 منٹ میں پورا کیا جاسکتا ہے جبکہ نیویارک سے شنگھائی تک کا سفر 39 منٹ میں پورا ہوسکتا ہے ۔ سوشیل میڈیا پر یہ تصور اب جگہ بنانے لگا ہے اور کچھ لوگ اس کے تعلق سے اظہار خیال بھی کرنے لگے ہیں۔ یہ قیاس بھی کیا جا رہا ہے کہ امریکہ میں فیڈرل ہوابازی انتظامیہ کی جانب سے ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ میں اس پراجیکٹ کیلئے ہری جھنڈی بھی دکھائی جاسکتی ہے ۔ سوشیل میڈیا پر اس تعلق سے کئے گئے پوسٹ پر ایلان مسک نے تحریر کیا کہ یہ اب ممکن ہوسکتا ہے ۔ چونکہ اس میں عوامی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے ایسے میں ایلان مسک کا الٹرا فاسٹ سفر کا ویژن عالمی سطح پر رابطوں میں انقلاب لا سکتا ہے اور بین براعظمی سفر بھی چند منٹوں میں پورا کیا جاسکتا ہے ۔