پنجاب میں دو آرمی اسکول کھولنے وزیردفاع سے بادل کی ملاقات

   

چندی گڑھ: پنجاب کے وزیر خزانہ منپریت سنگھ بادل نے ریاست میں دو مزید آرمی اسکول کھولے جانے کی منظوری کے لئے آج وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ بادل نے کہاکہ فوجی اعزاز اور بہادری کے انعامات کے لئے پنجاب ملک کی سرفہرست ریاست رہی ہے ۔ دوسری ریاستوں کے مقابلے پنجاب کے فوجیوں کی قربانی اور اعزاز زیادہ ہیں۔ ریاست میں واحد آرمی اسکول کپورتھلہ میں ہے اورا ب گرداس پور اور بٹھنڈا میں دو مزید آرمی اسکول کھولنے کی مانگ کی گئی ہے ۔ دوسری ریاستوں ہریانہ، بہار اور مہاراشٹر میں دو دو آرمی اسکول ہیں جبکہ اترپردیش میں تین آرمی اسکول ہیں۔ راجناتھ نے اس بارے میں مناسب کارروائی یقین دلاتے ہوئے کہاکہ وہ قومی سیکورٹی اور ہندستان کی سماجی اور ثقافتی اخلاقی اقدار کی حفاظت کے لئے سکھوں اور پنجابیوں کے کردار کی ذاتی طورپر تعریف کرتے ہیں۔ بادل نے انہیں وزیراعلی کیپٹن امریندر سنگھ کی طرف سے خط بھی دیا اور بتایا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے آرمی اسکول قائم کرنے کے لئے گرداس پور کے ڈلا گوریاں میں 40ایکڑ زمین الاٹ کی گئی ہے ۔ پنجاب بٹھنڈا میں مزید ایک آرمی اسکول قائم کرنے کی خواہش رکھتا ہے ۔ اس سے پنجاب کے تینوں دو آبا، ماجھا اور مالوا علاقوں میں 1-1آرمی اسکول بن جائے گا۔وزیر خزانہ نے وزیر دفاع کوامرتسر میں پنجاب وار ہیرو میموریل اور عجائب گھر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جس کے پنجاب حکومت کی طرف سے 144کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کیا گیا ہے ۔