پنچایت انتخابات میں کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل

   

اسمبلی انتخابات میں انتخابی مفاہمت کے نام وقت گزاری کا الزام ، کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : سینئیر کانگریس پارٹی قائد و رکن اسمبلی مسٹر کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے کہا کہ اگر انہیں تلنگانہ پردیش کانگریس پارٹی قیادت سونپی جاتی تو گذشتہ ماہ منعقدہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں 100 نشستوں پر کانگریس امیدواروں کو کامیاب کرواکر دکھا دیتے ۔ وہ اپنے حلقہ میں کانگریس پارٹی قائدین کے ساتھ منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ انتخابات سے قبل صرف انتخابی مفاہمت کے نام پر تین ماہ وقت گزاری کے ذریعہ ضائع کئے گئے ۔ جب کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے قبل از وقت اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر کے انہیں انتخابی مہم میں مصروف کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مفاہمت کے ذریعہ اپنی دوست پارٹیوں کے امیدواروں کا موقف مستحکم اور طاقتور نہ رہنے کے باوجود نشستیں دینے کے نتیجہ میں بھی عظیم اتحاد کو ناکامی سے دوچار ہونا پڑا ۔ ماسوا ایک دو نشستوں کے دیگر تمام نشستوں پر دوست پارٹیوں کے امیدواروں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔ راجگوپال ریڈی نے کہا کہ انتخابات سے قبل پارٹی قیادت پر تنقید کرنے کے باوجود پارٹی قائدین کے ساتھ ان کا ہرگز کوئی اختلاف نہیں ہے بلکہ انہوں نے پارٹی قیادت پر اور پارٹی کے بعض قائدین پر جو کچھ بھی تنقید کی تھی وہ بالکلیہ طور پر پارٹی مفادات کے پیش نظر ہی کی تھی ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ محض علحدہ ریاست تلنگانہ کے مطالبہ پر جدوجہد کرنے کے لیے ہی ان کے بھائی مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ریاستی کابینہ سے بھی استعفیٰ دیدیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی ناکامی سے انہیں بہت تکلیف ہوئی ہے ۔ سینئیر کانگریس قائد نے کہا کہ پنچایت انتخابات میں اپنی انفرادیت و شخصیت ہی کامیابی کے لیے ممد و معاون ثابت ہوگی ۔ لہذا پنچایت انتخابات میں سرپنچ اور وارڈ ممبران کی کامیابی کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کریں تب کامیابی کانگریس پارٹی امیداروں کی یقینی ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کانگریس پارٹی پر مکمل بھروسہ اور اعتماد کرتے ہیں اور اس بھروسہ و اعتماد کی روشنی میں منعقد ہونے والے پنچایت انتخابات میں عوام کانگریس پارٹی امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے ۔ مسٹر راج گوپال ریڈی نے کہا کہ نہ صرف ضلع نلگنڈہ بلکہ ریاست تلنگانہ کے تمام کانگریس پارٹی قائدین وکارکنوں کو گرام پنچایت انتخابات کے ذریعہ اپنے بہتر مظاہرہ کریں تاکہ آئندہ منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو ریاست تلنگانہ سے شاندار کامیابی حاصل ہوسکے ۔۔