پنچایت انتخابات پر حکم التوا سے انکار :ہائیکورٹ

   

بی سی طبقات کو تحفظات کی فراہمی دستوری حق نہیں ‘ عدالت کا تاثر
حیدرآباد 3 جنوری ( این ایس ایس ) تلنگانہ ہائیکورٹ نے آج ریاست بھر میں پنچایت انتخابات پر حکم التوا جاری کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ تحفظات کی تفصیل کے ساتھ اپنا جواب داخل کرے ۔ اس مسئلہ پر آئندہ سماعت چار ہفتوں بعد مقرر کی گئی ہے ۔ چیف جسٹس رادھا کرشنن نے ریاستی حکومت کی جانب سے پنچایت راج اداروں میں بی سی تحفظات میں کٹوتی کرنے حکومت کے آرڈیننس کو کالعدم قرار دینے کیلئے دائر کردہ مختلف درخواستوں کی سماعت بھی کی ۔ یہ درخواستیں بی سی قائدین آر کرشنیا ‘ جے سرینواس گوڑ اور دوسروں نے داخل کی ہیں۔ انہوں نے آرڈیننس کو کالعدم قرار دینے اور ولیج پنچایتوں کے انتخابات پر روک لگانے کی استدعا کی تھی ۔ بی سی قائدین نے انتخابات پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ بی سی طبقات کیلئے کوٹہ میں کمی کرنا غیر دستوری ہے اور اس کے پیش نظر ولیج پنچایتوں کے انتخابات روک دئے جانے چاہئیں۔ دلائل کی سماعت کے بعد عدالت نے انتخابات پر حکم التوا جاری کرنے سے انکار کردیا کیونکہ اس کیلئے شیڈول پہلے ہی جاری کردیا گیا ہے ۔ چیف جسٹس نے یہ ریمارکس بھی کیا کہ عدالتوں کا یہ کام نہیں ہے کہ وہ کوٹہ اور انتخابات کے مسئلہ کو حل کریں۔ عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق بی سی طبقات کو تحفظات کی فراہمی دستوری حق نہیں ہے ۔