پنڈت نہرو کی شادی کا دعوت نامہ اردو زبان میں

,

   

۔ 100 سال قبل بھی اردو مقبول تھی،نئی نسل کو اردو سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت

حیدرآباد ۔ /10 اکٹوبر ، ( سیاست نیوز) اردو کے بارے میں داغ دہلوی نے جو مصرعہ کہا تھا وہ آج بھی اردو کی مقبولیت پر صادق آتا ہے۔ ’’ سارے جہاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے‘‘ کا مصرعہ آج سے 100 سال قبل اسوقت بھی حقیقت پر مبنی ثابت ہوا جب ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی شادی کے موقع پر موتی لال نہرو نے اردو زبان میں دعوت نامہ طبعکیا تھا۔ پنڈت نہرو کی شادی پنڈت جواہر مل کول کی دختر کے ساتھ 7فروری 1916 کو نئی دہلی میں انجام پائی۔ شادی کے بعد 8 اور 9 فروری کو مختلف تقاریب میں شرکت کیلئے دعوت نامہ جاری کیا گیا۔ اردو دعوت نامہ میں انتہائی فصیح الفاظ کا استعمال ہوا اور موتی لال نہرو نے اپنے نام کے آگے انکساری کا مظاہرہ کرتے ہوئے لفظ ’ بندہ ‘ استعمال کیا۔ دعوت نامہ میں لکھا گیا کہ ’’جناب معہ عزیزان شرکت فرماکر مسرت و افتخار بخشیں‘‘ اردو یوں تو دنیا بھر میں بولی جاتی ہے اور اس کی مٹھاس اور سہل بیانی کا ہر کوئی معترف ہے لیکن آج نئی نسل کو اردو سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔ 105 سال قبل آنجہانی موتی لال نہرو نے اپنے فرزند جواہر لال نہرو کی تقریب شادی کا رقعہ اردو میں شائع کرتے ہوئے نہ صرف اپنی اردو دوستی کا ثبوت دیا بلکہ رقعہ کی اشاعت 100 سال قبل اردو کے عام چلن کا واضح ثبوت ہے۔ اس زمانہ میں بلالحاظ مذہب و ملت ہر شخص اردو لکھ اور پڑھ سکتا تھا اور اردو میڈیم سے تعلیم کا چلن عروج پر تھا۔ افسوس کہ آج اردو کو صرف مسلمانوں تک محدود کردیا گیا ہے اور بقول کسی دانشور اردو کو مسلمان بنادیا گیا۔ یوں تو آج بھی تقاریب کے دعوت نامے اردو زبان میں شائع کئے جاتے ہیں لیکن جس کسی کو رقعہ ملتا ہے وہ انگریزی تحریر تلاش کرنے لگتا ہے کیونکہ اردو کا لکھنا اور پڑھنا وقت کے ساتھ ساتھ کم ہورہا ہے خاص طور پر نئی نسل اردو سے دور ہوتی جارہی ہے۔ خالص اردو کے دعوت نامے چہلم ، برسی اور عرس کے موقع پر دکھائی دیتے ہیں۔ پنڈت جواہر لال نہرو کی تقریب شادی کا اردو رقعہ آج بھی اہل اردو کو دعوت فکر دے رہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اردو سے وابستہ کریں اور 105 سال قبل کی روایت کا احیاء عمل میں لایا جائے۔ اطلاعات کے مطابق آنجہانی اندرا گاندھی کی شادی کا رقعہ بھی اردو میں شائع کیا گیا تھا۔ پنڈت نہرو نے اپنے والد کی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے اردو سے اپنی وابستگی کا ثبوت فراہم کیا تھا۔ ر