پوتن کا روس کی ہائی اسپیڈ ریل کےروڈ میپ کی تیاری کا حکم

   

ماسکو، یکم اگست (یو این آئی) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ روس کے ہائی اسپیڈ ریل نیٹ ورک کی تعمیر کے لیے ایک روڈ میپ تیار کرے ، جس کی ڈیڈلائن 31 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے ۔ یہ ہدایت کریملن کی ویب سائٹ پر شائع کی گئی ہے ۔ویب سائٹ کے مطابق،روسی فیڈریشن کی حکومت، روسی ریلوے (اوپن جوائنٹ اسٹاک کمپنی) کے ساتھ مل کر، روس کے ہائی اسپیڈ ریل نیٹ ورک کی ترقی کا ایک ماڈل تیار کرے گی، جس میں ہر منصوبے کے نفاذ کے لیے مخصوص ٹائم لائنز اور پیرامیٹرز شامل ہوں گے ۔مسٹر پوتن نے حکومت اور روس کے سب سے بڑے مالیاتی ادارے سبر بینک کو یہ بھی حکم دیا کہ وہ نیشنل ویلتھ فنڈ سے مختص کردہ300 ارب روبل (تقریباً 3.7 ارب امریکی ڈالر) کی ابتدائی فنڈنگ کے استعمال کا منصوبہ مرتب کریں، جو ماسکو تا سینٹ پیٹرزبرگ ہائی اسپیڈ ریل لائن کے لیے مختص کی گئی ہے ۔ اس فنڈنگ پر رپورٹ یکم اکتوبر تک پیش کی جائے گی۔