پورا ملک جمہوری اقدار کی بحالی کیلئے راہول گاندھی کی طرف دیکھ رہا ہے: سریدھر بابو

   

حیدرآباد، 13 نومبر )سیاست نیوز( ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو نے کہا ہے کہ پورا ملک کانگریس قائد راہول گاندھی کی طرف ایک ایسے لیڈر کے طور پر امید کے ساتھ دیکھ رہا ہے جو این ڈی اے حکومت کے دور میں پامال ہونے والی جمہوری اقدار کو دوبارہ بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے منعقد کی جانے والی دو روزہ بھارت سمٹ میں راہول گاندھی کو بحیثیت قائد اپوزیشن لوک سبھا مدعو کیا جا رہا ہے جو ایک دستوری عہدہ ہے، لیکن بی جے پی قائدین کی جانب سے اس پر بھی سیاست کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ان کے سیاسی دیوالیہ پن کا واضح ثبوت ہے۔ بی جے پی قائدین کی جانب سے گگ ورکرس پر کی جانے والی تنقید پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ تلنگانہ ان چند ریاستوں سے کہیں آگے ہے جنہوں نے گگ ورکرس کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی ہے اور راہول گاندھی ان کے جلسہ میں شرکت کر کے ان کی رہنمائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کر کے اپنے پیروں پر کھڑے ہونے والے گگ ورکرس کی توہین بی جے پی قائدین کی پست ذہنیت کو ظاہر کرتی ہے۔ ڈی سریدھر بابو نے واضح کیا کہ اگر راہول گاندھی وزیراعظم بننا چاہتے تو نریندر مودی سے قبل ہی اعلیٰ عہدہ سنبھال سکتے تھے، لیکن انہیں اقتدار کی کوئی ہوس نہیں ہے اور نہرو و گاندھی خاندان نے ہمیشہ ملک کی ترقی کو ترجیح دیتے ہوئے اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کی صورت میں عظیم قربانیاں پیش کی ہیں۔ 2