امراوتی 21 مارچ ( پی ٹی آئی ) سابق مرکزی وزیر ڈی پورندیشوری اور اے پی بی جے پی کے صدر کنا لکشمی نارائنا کے ناموں کا بی جے پی کی پہلی انتخابی فہرست میں اعلان کردیا گیا ہے ۔ ڈی پورندیشوری وشاکھاپٹنم حلقہ سے مقابلہ کرینگی جبکہ کنا لکشمی نارائنا پہلی مرتبہ نرسا پورم پیٹ حلقہ سے مقابلہ کرینگے ۔ وشاکھاپٹنم اور نرسا پورم کے ارکان پارلیمنٹ کے ہری باباو اور جی گنگا راجو نے دوبارہ مقابلہ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ علاوہ ازیں سابق ریاستی وزیر ڈی مانی کیالا راو بھی نرسا پورمحلقہ سے جمعہ کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی تیاری کر رہے ہیں حالانکہ ان کے نام کا اعلان نہیں ہوا ہے ۔ ابھی چونکہ پرچہ جات نامزدگیوں کے ادخال کیلئے دو دن باقی ہیں ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ بی جے پی ریاست میں دوسرے حلقوں سے بھی اپنے امیدوار نامزد کریگی یا نہیں۔ پورندیشوری 2004میں باپٹلہ سے اور 2009 میں وشاکھاپٹنم سے کانگریس ٹکٹ پر منتخب ہوئی تھیں۔