حیدرآباد ۔ /18 مارچ (سیاست نیوز) کورونا وائرس کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس نے شہر کے تمام پولیس اسٹیشن میں اس وباء سے بچنے کیلئے اقدامات کئے ہیں ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار اپنے ٹوئیٹر ہینڈل کے ذریعہ یہ بتایا کہ شہر کے تمام پولیس اسٹیشنس میں کورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ شہر کے 60 لا اینڈ آرڈر پولیس اسٹیشنس میں پولیس عملہ بالخصوص رسپشن ڈیسک کو ماسک اور ہینڈ سینیٹائزرس فراہم کئے گئے ہیں ۔ پولیس اسٹیشن آنے والے درخواست گزاروں اور دیگر افراد کے ہاتھوں پر پولیس عملہ ہینڈسینیٹائزرس لگارہا ہے تاکہ اس وباء کو روکا جاسکے ۔ پولیس کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے اس مہلک وائرس سے بچیں ۔