پولیس ظلم کا شکار خاتون کو کانگریس نے 4 لاکھ روپئے کی امداد کی

   

Ferty9 Clinic

متاثرہ قبائیلی خاتون سے وی ہنمنت رائو اور دوسروں کی ملاقات
حیدرآباد: 29 اگست (سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے گزشتہ دنوں ایل بی نگر پولیس کے ہاتھوں مظالم کا شکار قبائیلی خاتون کو 4 لاکھ روپئے کی امداد حوالے کی ہے۔ 10 دن قبل ایل بی نگر پولیس نے قبائیلی طبقے سے تعلق رکھنے والی خاتون کو بے دردی کے ساتھ مار پیٹ کی تھی۔ خاتون کو علاج کے لیے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ مہیشورم اسمبلی حلقہ کے الماس گوڑہ میں کانگریس قائدین نے متاثرہ خاتون سے ملاقات کرتے ہوئے امدادی رقم حوالے کی۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے اپنی جانب سے ایک لاکھ روپئے کی امداد دی ہے۔ ضلع کانگریس صدر رنگاریڈی سی ایچ نرسمہا ریڈی نے 50 ہزار روپئے کی مدد کی۔ مہیشورم اسمبلی حلقہ کے سینئر لیڈر بی بھاسکر ریڈی نے ایک لاکھ روپئے، کے منوہر ریڈی نے 50 ہزار روپئے اور اے جنگاریڈی نے 50 ہزار روپئے کی امداد فراہم کی ہے۔ کوندوکور منڈل کے کانگریس صدر کرشنا نائک نے 50 ہزار روپئے اپنی جانب سے بطور عطیہ پیش کیا۔ اس موقع پر سابق رکن کونسل راملو نائک، بڈنگ پیٹ کی میئر سی پریجیتا اور مقامی کانگریس کے کارپوریٹرس کے علاوہ یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے قائدین موجود تھے۔ وی ہنمنت رائو نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خاتون پر ظلم ذمہ دار پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے خواتین کو تحفظ فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔
راج بھون میں آج راکھی تقریب
حیدرآباد: 29 اگست (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر سوندرا راجن کل راج بھون میں راکھی فار سولجرس (فوجیوں کے لیے راکھی) پروگرام میں شرکت کریں گی۔ سمسکرتی فائونڈیشن نے انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے اشتراک سے 30 اگست کو صبح 8:15 بجے راج بھون میں یہ پروگرام طے کیا ہے۔

اس پروگرام میں فوجی جوانوں اور عہدیداروں کو گورنر راکھی باندھیں گی۔