حیدرآباد ۔ 27مئی ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسیس میں پولیس ملازمین کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 27مئی کو عنبرپیٹ اور ایسٹ زون پولیس سے وابستہ12 ملازمین کو کووڈ۔19 پازیٹیو پائے جانے پر انہیں دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹریفک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گوشہ محل سے وابستہ ایک سب انسپکٹر کے علاوہ عنبر پیٹ پولیس اسٹیشن سے وابستہ 3کانسٹبلس ، گوشہ محل پولیس کامپلکس آئی ٹی سیل سے وابستہ 2کانسٹبل کا طبی معائنہ کرنے پر انہیں کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا اور انہیں علاج کیلئے سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ ایک ہفتہ کے دوران کورونا وائرس سے شکار ہونے والے پولیس ملازمین کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ جس میں بالاپور پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک انسپکٹر ، ٹاسک فورس کا ہیڈ کانسٹبل ، پرانا شہر سے وابستہ 3پولیس کانسٹبلس کو بھی کورونا وائرس پر دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے جبکہ کلثوم پورہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک کانسٹبل اس مہلک وائرس سے فوت ہوچکا ہے ۔