پولیو ڈراپ پلانے والی دو خواتین پر حملہ

   

سرگودھا، 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے سرگودھا میں آج بچوں کو پولیو کی ڈراپ پلانے والے عملے کو اس وقت عجیب و غریب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک خاندان نے اپنے بچوں کو نہ صرف پولیو کی ڈراپ پلانے سے انکار کیا بلکہ عملہ پر حملہ بھی کیا اور خواتین عملہ کو کمرے میں مقفل کردیا۔ پولیس کے مطابق سرگودھا کے کوٹ راجا علاقے میں پولیو کی ڈراپ پلانے والے عملہ پر شمشیر نامی ایک شخص نے اپنے بچوں کو پولیو کی ڈراپ پلانے سے انکار کردیا۔بچوں کو پولیو کی ڈراپ پلانے سے انکار کرنے پر جب شمشیر کو قانونی کارروائی کی کا انتباہ دیا تو اس نے گالی گلوج شروع کردی اور دو خواتین کو ایک کمرے میں قفل لگا کر بند کردیا۔ جیو نیوز کے مطابق پولیس نے اس معاملے میں پانچ مشتبہ افراد کے خلاف رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے ۔ پاکستان طویل عرصے سے پولیو سے مسلسل لڑ رہا ہے اور اس بیماری کے مکمل طور پر خاتمے کے قریب پہنچ چکا ہے ۔