حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے سکریٹری لیجسلیچر کو ہدایت دی کہ صحافیوں کے قدیم پاسیس کی جگہ نئے پاسیس جاری کئے جائیں۔ تلنگانہ اسمبلی کے کوریج کیلئے آنے والے صحافیوں نے ریاستی وزیر سے شکایت کی کہ ان کے نئے پاس جاری نہیں کئے گئے اور قدیم پاسیس کے نتیجہ میں سیکوریٹی عملے سے بحث و تکرار ہورہی ہے۔ پونم پربھاکر نے نئے پاسیس کی عدم اجرائی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سکریٹری لیجسلیچر کو ہدایت دی کہ وہ نئے پاسیس کی اجرائی کا جلد اہتمام کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ سکریٹری لیجسلیچر نے ریاستی وزیر کو بتایا کہ اس سلسلہ میں اسمبلی کی میڈیا اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں پاسیس کی تجدید کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیکوریٹی حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ صحافیوں کے پرانے پاسیس کو قبول کریں اور داخلے میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ کی جائے۔1